نئی دہلی، 16/مئی(ایس او نیوز/ایجنسی)کرناٹک میں بی جے پی کی شکست کے بعد کانگریس لیڈرس بہت خوش نظر آ رہے ہیں۔ ایسے میں کانگریس لیڈران بی جے پی لیڈروں پر لگاتار طنزیہ حملے بھی کررہے ہیں جنھوں نے بی جے پی کی جیت کے بڑے بڑے دعوے کیے تھے اور جو کانگریس کی شکست کی امیدیں لگائے بیٹھے تھے۔
کانگریس لیڈر آچاریہ پرمود کرشنم نے بھی کرناٹک کے انتخابی نتائج سامنے آنے کے دو دن بعد ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں آر ایس ایس چیف موہن بھاگوت پر طنز کے تیر چلائے ہیں۔اپنے بیان میں آچاریہ پرمود کرشنم نے کہا ہے کہ بی جے پی کی چھوٹی چھوٹی جیت پر لمبی لمبی تقریر دینے والے آر ایس ایس چیف موہن بھاگوت اتنی بڑی ہار پر خاموش کیوں ہیں؟ انہوں نے پوچھا کہ کیا صاحب کو جھٹکا لگنے سے زیادہ خوش ہیں یا زیادہ دکھی؟
قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل پرمود کرشنم نے کرناٹک میں کانگریس کی جیت پر بجرنگ دل کے لوگوں کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ انھوں نے کہا تھا کہ بجرنگ بلی کا کرم کانگریس پر ہوا ہے، اور یہی وجہ ہے کہ بجرنگ دل ہار گیا، بجرنگ بلی کی جیت ہوئی۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اسمبلی کی طرح 2024 لوک سبھا انتخاب میں بھی کانگریس کی لہر آئے گی۔ پرمود کرشنم نے تو وزیر اعظم مودی کے ذریعہ کانگریس کو کرناٹک اسمبلی انتخاب میں جیت پر مبارکباد پیش کیے جانے پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے یہاں تک کہہ دیا کہ 2024 لوک سبھا انتخاب میں بھی ایسے دل کھول کر مبارکباد دیجیے گا۔